ایک نیوز: حیدرآباد تا سکھر موٹروے میگا اسکینڈل کیس میں نیب کراچی کی ٹیم نے سابق وزیر قانون ضیاء لنجار کے سیکرٹری عاشق کلیری کے ہمراہ چھاپہ مار کر مزید 30 کروڑ روپے اور گاڑیاں برآمد کر لی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیب کراچی کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی، نیب کی حراست میں موجود سابق صوبائی وزیر قانون ضیاء لنجار کے پرسنل سیکرٹری عاشق کلیری کی نشاندہی پر نیب نے چھاپہ مارا ۔نیب کراچی کی ٹیم نے گلستان جوہر میں عاشق کلیری کے ہمراہ چھاپہ مار کر 30 کروڑ برآمد کر لئے ۔ نیب نے عاشق کلیری کے گھر میں موجود نئی فارچونر ،نئی کرولا گرینڈی اور او ڈی کاربھی برآمد کرکے تحویل میں لے لی ہے۔ نیب کے ہاتھوں گرفتار عاشق کلیری کی تحقیقات کے دوران 40 سے 50 کروڑ کی مزید ملکیت کی نشاندہی ہوئی ہے۔ گرفتار ملزم عاشق کی نشاندہی پر پہلے بھی نیب نے 14 کروڑ نقد برآمد کیے تھے۔
واضع رہے کہ نیب نے سندھ کے سابق وزیر قانون اور نوشہرو فیروز کی معروف سیاسی شخصیت ضیاء الحسن لنجار کے پرسنل سیکرٹری عاشق کلیری کو کراچی سے گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد نیب نے عدالت سے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا اور ملزم سے 14 کروڑ بھی برآمد کیا تھا۔