امریکا کا یوکرائن کو ایف سولہ دینے سے انکار

Jan 31, 2023 | 12:32 PM

 ایک نیوز : امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہاہے کہ وہ یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں استعمال کے لیے F-16 لڑاکا طیارے فراہم نہیں کریں گے۔

بائیڈن نے یہ بات یوکرینی حکام کے اس بیان کے بعد کہی ہے جس میں یوکرین کے ایک دفاعی اہلکار نے عندیہ دیا تھا کہ یوکرین امریکہ سے F-16 طیارے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ وائٹ ہاؤس پہنچنے پر جب صحافیوں نے امریکی صدر سے پوچھا کہ کیا وہ یوکرین کو جیٹ طیارے فراہم کریں گے تو بائیڈن نے جواب دیا 'نہیں'۔

یوکرین روس کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید جدید ترین ہتھیاروں کی تلاش میں ہے۔یوکرین کے وزیر دفاع کے ایک مشیر یوری ساک نے گزشتہ ہفتے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا تھا کہ یوکرین نے جنگی ٹینکوں کی فراہمی کے بعد ایف- 16 جیسے لڑاکا طیاروں کے حصول کے لیے منصوبہ بنایا ہے۔

دوسری جانب روسی فوجوں نے تازہ حملوں میں مزید علاقوں پر قبضے کا دعوٰی کیا ہے۔اگرچہ روسی حملوں کی کوئی واضح اطلاعات نہیں ہیں تاہم یوکرین کے وہ علاقے جہاں روس قابض ہے، کے انتظامی عہدیدار ڈینس پشیلن کا کہنا ہے کہ روسی فوجیوں نے کوئلے کی کانوں کے لیے مشہور قصبے ووہلیدر میں قدم جما لیے ہیں۔
ڈینس پشیلن کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج باخموت، میرینکا اور ووہلیدر کے علاقوں میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ روسی نیوز ایجنسی ٹاس نے بھی فوجوں کی پیش قدمی کے حوالے رپورٹس دی ہیں۔

مزیدخبریں