ایک نیوز: بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 10 روپے 80 پیسے کی کمی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کمی کے الیکٹرک صارفین کو میسر ہوگی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے اپنے صارفین کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 10 روپے 80 پیسے کمی کردی گئی ہے۔
اس سے قبل نیپرا نے بجلی 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔ نیپرا ذرائع کے مطابق صارفین کو فروری کے بلوں میں 18 ارب 70 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
نیپرا ذرائع کے مطابق اتھارٹی تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ریلیف ماہ دسمبر کے فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی مد میں دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈسکوز کے دسمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹرمیں عوامی سماعت مکمل چیئرمین نیپرا انجینئر توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت ہوئی۔نیپراکے مطابق سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی۔
ڈیٹاکی ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق 2 روپے 32 پیسے روپے فی یونٹ کمی بنتی ہے۔اس سے قبل نومبرکا ایف سی اے صارفین سے 18 پیسے فی یونٹ اضافے سے چارج کیا گیا تھا جو صرف 1 ماہ کے لئے تھا۔دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 2 روپے 50 پیسے فی یونٹ صارفین سے کم چارج کیا جائے گا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔