لاہور:محسن نقوی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش، میڈیکل ٹیمیں، سرکاری جہاز پشاور روانہ 

Jan 31, 2023 | 11:24 AM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش۔ پشاور دھماکے کے زخمیوں کی مدد کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے فوری طور پر پشاور مسجد دھماکے کے زخمیوں کے علاج میں مدد کے لئے لاہور سے میڈیکل ٹیمیں اور سرکاری جہاز پشاور روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ترجمان محکمہ صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر جاوید اکرم نے پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹر عامر خان کے ساتھ رابطہ کر کے ہرقسم کی امدادی معاونت کی پیشکش کی ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے لیے ادویات، خون اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے پروفیسر کامران خالد کی سرپرستی میں 13 رکنی ٹیم جناح ہسپتال لاہور سے پشاور روانہ ہوگئی۔ برن یونٹ کی ٹیم پشاور بم دھماکہ کے زخمیوں کے بہتر علاج و معالجہ کویقینی بنائے گی۔

اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے سرکاری جہازبھی پشاور دھماکے کے زخمیوں کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت کا سرکاری جہاز دھماکے کے پیچیدہ زخمیوں کو لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کرے گا۔ اس حوالے سے بھی نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ہدایات جاری کردیں۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں کو پشاور زخمیوں کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعلی پنجاب کے جہاز کے ہمراہ میڈیکل ٹیم بھی موجود ہوگی۔ لاہور اور راولپنڈی سے میڈیکل ٹیمیں بھی پشاور روانہ ہوگئی ہیں۔جو وہاں زخمیوں کا علاج معالجہ کریں گی۔ 

دوسری جانب ترجمان وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کے دونوں ہسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔خیبر پختونخواہ میں دھماکے کے بعد پمز اور پولی کلینک ہسپتال کی انتظامیہ کوبھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخواہ سے ریفر ہونیوالے مریضوں کے پیش نظر ہسپتال کے عملے کو ایمرجنسی بنیادوں پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں