جنرل ساحر شمشاد کااسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

Jan 31, 2023 | 11:20 AM

 ایک نیوز :  جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے  سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف رکن مسلم ملکوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

دورے کے موقع پر جنرل ساحر شمشاد کو فکری، ابلاغی دہشت گردی کی فنڈنگ اور عسکری شعبوں میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اسلامی اتحاد کی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔

انہیں دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات اور دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے تازہ صورتحال اور اسلامی فوجی اتحاد کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں پر نظر رکھنے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا۔

قبل ازیں اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے قائم مقام سیکریٹری جنرل محمد المغیدی سے ریاض میں سینٹر کے ہیڈکوارٹر میں جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر پاکستان اور اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کے درمیان باہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل ساحر شمشاد نے دہشت گردی کے انسداد کےلیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب جو اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈکوارٹر کا میزبان ہے ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے انسداد میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔

جنرل محمد المغیدی نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد جامع نظام کے تحت رکن ملکوں کے تعاون سے کام کر رہا ہے۔ اس کا زور اس بات پر ہے کہ کسی ممبر ملک کے اندرونی امور میں مداخلت نہ ہو۔ ہر ملک کی خودمختاری اور قانونی نظام کی پابندی کے ساتھ بیان الاقوامی قوانین و روایات کے مطابق دہشتگردی کا انسداد کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اسلامی فوجی اتحاد کے بانی ملکوں میں سے ایک ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ انتہا پسندی، شدت پسندی کو روکنے کے لیے عبرتناک کارروائی کرنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شدت پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کا پختہ یقین ہے کہ تشدد اور انتہا پسندی ناقابل برداشت ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور انتہا پسندی کے انسداد سے تعلق رکھنے والے مراکز اور تنظیموں کا ممبر بھی ہے۔

مزیدخبریں