امریکا ماسکو پاکستان توانائی معاہدے میں رکاوٹ بن سکتا ہے ، روسی وزیرخارجہ

Jan 31, 2023 | 11:02 AM

ایک نیوز : روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا پاکستان روس توانائی ڈیل روکنے کی کوشش کرے گا۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے وزیرخارجہ  بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  امریکا شرمناک اور متکبرابہ انداز میں ہر ملک کو روس سے تجارت کرنے سے روکتا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکا نے حال ہی میں چین کو بھی دھمکایا ہے، جبکہ ہندوستان، ترکی اور مصر کو بھی دھمکیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان روس توانائی ڈیل میں بھی رکاوٹیں ڈالے گی، تاہم پاکستان سمیت دیگر ممالک کی اکثریت اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتی ہے۔

لاوروف کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کیا اقدامات کرسکتے ہیں یہ ہم جانتے ہیں، وہ صرف پابندیوں کی دھمکیاں ہی نہیں بلکہ دہشتگردی پر بھی اتر سکتے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی ممالک نارڈ اسٹریم ون اور دو کو سبوتاژ کرنے جیسے اقدامات کرسکتے ہیں۔

انہوں نے پشاور کی مسجد میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت بھی کی اور ساتھ ہی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عالمی تعاون پر زور دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر انتیس جنوری کو روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچتے تھے جہاں انہوں اپنے روسی ہم منصب سے مختلف علاقائی، عالمی اور باہمی دلچسپی کے موضوعات کے علاوہ سستے داموں پر ایندھن کی خریداری کے موضوع پر بھی گفتگو کی۔

مزیدخبریں