ایک نیوز: سعودی عرب نے پشاور مسجد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، پُر امن لوگوں کو دھمکانے اور بے گناہوں کا خون بہانے جیسی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کی ہے کہ ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی خواہ اس کے مقاصد ومحرکات کچھ بھی ہوں، ان کے خلاف سعودی عرب برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وزارت متاثرین کے اہلِ خانہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی جب کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔