ڈالر کی قدر میں اضافہ :KIA نے تمام گاڑیوں کی بکنگ معطل کردی

Jan 31, 2023 | 03:05 AM

ایک نیوز :ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کی وجہ سے KIA پاکستان نے  تمام گاڑیوں کی بکنگ معطل کردی۔

تفصیلات کےمطابق پاکستانی روپے میں تیزی سے گراوٹ کی وجہ سے KIA  کی گاڑیوں کی بکنگ بند کردی گئی ،ڈیلرز  کے مطابق  کوئی بھی نئی ریزرویشن قبول نہیں کی جائے گی ۔کارپوریشن کے مطابق مقامی کرنسی کی قدر مستحکم ہونے کے بعد بکنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

 واضح رہے کہ 26 جنوری کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 24 روپے سے زائد اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد مسلسل دوسرے روز ڈالر مزید 7 روپے 17 پیسے اضافے سے 262 روپے 60 پیسے کا ہوگیا تھا۔

 انٹربینک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روپے کی قدر میں بڑی کمی کے بعد گزشتہ روز بھی ڈالر 6 روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 269 روپے 10 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ ظفر پراچا نے بتایا کہ اب بھی روپے پر دباؤ ہے، ایسا لگتا ہے کہ مارکیٹ 270 یا 275 تک پہنچ سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ڈالر کی سپلائی بحال نہیں ہوئی، ہمیں نہیں معلوم کہ بینکوں کو کہاں سے سپلائی آنی ہے لیکن اس کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر کی جانب سے ایکسچینج کمپنیوں کے نمائندوں کو گزشتہ ہفتے اجلاس میں دی گئی یقین دہانی کا حوالہ دے رہے تھے کہ کمرشل بینک ایکسچینج کمپنیوں کو ڈالر فراہم کریں گے۔

مزیدخبریں