میڈیا فریڈم رپورٹ حکومت کیخلاف ایک اور فردِ جرم ہے، شہباز شریف

Jan 31, 2022 | 11:24 AM

admin
لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‎میڈیا فریڈم رپورٹ ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت جمہوری ہے نہ ہی اس کا مزاج جمہوری ہے۔
پاکستان میڈیا فریڈم رپورٹ 2021 کے اجرا پر ‎اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‎سی پی این ای کی میڈیا فریڈم رپورٹ چشم کشا حقائق پر مبنی اور موجودہ حکومت کے خلاف ایک اور فردِ جرم ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ‎ایسی رپورٹس آئیں گی تو پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس باقی رہ جائے گا اور نہ ہی غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔ ‎جمہوریت، آئین اور عوام دوست سیاسی جماعتوں کو میڈیا فریڈم رپورٹ کے مندرجات پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔
قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ ‎رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح اظہارِ رائے، میڈیا کی آزادی اور معلومات تک رسائی کے آئینی حقوق کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ‎رپورٹ گواہی دے رہی ہے کہ موجودہ حکومتی نظام فسطائیت اور آمریت کا تسلسل ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے اپنے بیان میں کہا کہ ‎میڈیا فریڈم رپورٹ میں بیان کردہ حقائق ان عوامل میں سے ایک ہیں جن کے سبب پاکستان کی عالی کرپشن رینکنگ میں 16 درجے کا اضافہ ہوا۔ ‎رپورٹ سے ہر جمہوریت و دستور پسند محب وطن پاکستانی کا سر افسوس اور ندامت سیجھک گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‎میڈیا فریڈم رپورٹ میں بیان کردہ حقائق کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر وفاقی اور صوبائی سطحوں پر اصلاحی اقدامات کرنا ہوں گے۔
مزیدخبریں