ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وفاقی وزیر گوہراعجازکےہمراہ جناح ہسپتال میں 150بیڈز پرمشتمل نئی ایمرجنسی، اپ گریڈیشن کے بعد میڈیکل و سرجیکل ایمرجنسی کا افتتاح کیا ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی کا دورہ کیا،فراہم کردہ جدید طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ آئی سی یو کا معائنہ کیا اور جدید بیڈز کی فراہمی کے اقدام کی تعریف کی۔ نئی ایمرجنسی میں مہیا کردہ علاج معالجے کی سہولتوں کو سراہا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-12-31/news-1704040737-8229.mp4
محسن نقوی کاکہنا تھا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی 150بستروں پر مشتمل ہے۔ نئی ایمرجنسی میں مریضوں کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر گوہر اعجاز، سیکرٹری صحت،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، جناح ہسپتال کی انتظامیہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں،جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس منصوبے کو مکمل کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے نئے ائر کنڈیشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا ایمرجنسی بلاک کو انفکشن فری کرنے کیلئے پہلی مرتبہ اینٹی بکٹیریل پینٹ کا استعمال کیا گیا۔ ایمرجنسی بلاک کے آپریشن تھیٹرز میں پہلی مرتبہ انفیکشن فری ٹائلز نصب کی گئی ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ہمراہ صوبائی وزرا ڈاکٹرجاوید اکرم،عامر میر،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ،انڈس ہسپتال کے میاں احسن،انوار غنی،فواد مختار،سیکرٹری صحت ،تعمیرات ومواصلات ودیگر افراد موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا جناح ہسپتال ایمرجنسی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کے 5بڑے ہسپتال اپ گریڈیشن کے بعد 4،5دن میں کھول دئیے جائیں گے۔چلڈرن ہسپتال ملتان، نشترٹو، پی آئی سی لاہوراور میوہسپتال کی ایمرجنسی فنکشنل کی جارہی ہے۔ ڈی جی خان کارڈیالوجی ہسپتال پرانا پراجیکٹ تھا جسے شب وروز محنت سے تقریباً مکمل کرلیا ہے۔
محسن نقوی کاکہنا تھا کہ انڈس ہسپتال کوکینسر ہسپتال بنانے کے لئے پنجاب حکومت کو عطیہ کیا جارہاہے-پنجاب حکومت کو عطیہ کئے جانے والا انڈس ہسپتال کی لاگت اس وقت 60 سے70 ارب روپے سے کم نہیں ہے۔ انڈس ہسپتال ایک بڑا ہسپتال ہے۔ امید ہے کہ کینسر ہسپتال کے حوالے سے معاملات آخری مراحل میں ہیں جلدطے پاجائیں گے۔ انڈس والوں کا بڑا پن ہے کہ وہ ایک بڑاہسپتال پنجاب حکومت کے حوالے کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ انڈس ہسپتال کے ساتھ ملکر کینسر ہسپتال کاانتظام چلایا جائے۔ انڈس ہسپتال میں پنجاب کا پہلا مکمل کینسرہسپتال بننے جارہاہے جس پر مریضوں کا بہت پریشر ہوگا۔کینسر ہسپتال میں بہترین اور مکمل طورپر مفت علاج کیاجائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ وفاقی وزیر گوہر اعجاز، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، جناح ہسپتال کی انتظامیہ، میری ٹیم او ردیگر تمام متعلقہ افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر گوہر اعجاز جناح ہسپتال سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں،انہوں نے زندگی کے کئی سال جناح ہسپتال کے لئے وقف کئے۔وفاقی وزیر گوہر اعجاز پنجاب کے بڑے ہسپتالو ں میں مفت کھانا بھی مہیا کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر گوہر اعجاز ڈائیلسسز سنٹر بھی بڑی اچھی طرح چلارہے ہیں،اللہ تعالیٰ ان کو جزا دیں گے۔ آئندہ چند روز میں مزید بڑے پراجیکٹ مکمل کرکے کھول دئیے جائیں گے۔پی آئی سی کی ایمرجنسی اپ گریڈ ہوچکی ہے۔ ایک ایمرجنسی فرینڈز آف پی آئی سی چلارہے ہیں، ا ن سے درخواست ہے کہ اسے اپ گریڈ کر لیں۔ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لئے پوری ٹیم نے دن رات کام کیاہے۔ میری ٹیم رات 2بجے بھی فیلڈ میں کام کرتی نظر آتی ہے،سارا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے۔
محسن نقوی کاکہنا تھا کہ سال 2024 میں تقریباً ہر بڑے ہسپتال کو اپ گریڈ کرکے عوام اور نئی آنے والی حکومت کے سپرد کررہے ہیں۔ امید ہے آنے والی حکومت ہم سے بھی بہتر کام کرے گی۔ 104بڑی سڑکیں، 100ہسپتال، ایکسپریس وے،مین ہائی ویز اور درجنوں دیگر پراجیکٹس 31جنوری تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ ایمرجنسی میں دوائیوں کی کوئی قلت نہیں، شکایت ہوتی ہے تو سخت سے سخت ایکشن لیاجاتاہے۔ تمام آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری اور اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ مریض آتا ہے تواس کی جان کی حفاظت کی ہر ممکن کوشش ہم پر لازم ہے۔ ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز کی بہت بری حالت تھی، اپ گریڈیشن بہت ضروری تھی۔
وفاقی وزیر تجارت گوہراعجاز کاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کونئے سال کی مبارکبادپیش کرتا ہوں۔جناح ہسپتا ل کی ٹیم، صوبائی وزیر صحت اور دیگر نے محنت سے 3ماہ کے اندر 150بیڈز کی ایمرجنسی کی اپ گریڈ یشن مکمل کرلی ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو یقین دلاتا ہوں کہ اسی جذبے کے ساتھ آپ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا۔