ویب ڈیسک :سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں پاک افغان بارڈر سے داخل ہونیوالے 3دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔فائرنگ سے ایک اہلکارشہید ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے سپن وام میں سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی، دہشت گردوں نے افغان حدود سے پاکستانی بارڈر پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا، نائیک عبدالرؤف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لئے بارہا معاملہ اٹھا چکا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی مزید اجازت نہیں دے گی۔