ایک نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا لاہورچڑیا گھر کا تفصیلی دورہ،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھرکی اپ گریڈیشن کے کام کا جائز ہ لیا، جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چڑیا گھر میں پرانی تعمیرات نہ گرانے پرناراضگی کااظہار کیا اور ہدایت کی کہ پرانی تعمیرات کو جلد مسمار کیا جائے اورکاموں کو مزید تیز کیا جائے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے استفسار کیا کہ اتنا انتظار کس بات کا؟پرانی تعمیرات کوبر وقت مسمار کیوں نہیں کیاگیا؟اب انتظار کئے بغیر پرانے سٹرکچرز کوگرایا جائے، مزید تاخیر نہ کی جائے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی ٹیم کو بھی چڑیا گھر طلب کرلیا،لاہور چڑیا گھرمکمل طور پرنیا او رمنفرد نظر آنا چاہیے۔ شہریوں خصوصاً بچوں کی تفریح کے لئے نئے جانور لانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چڑیا گھر میں زیر تعمیر پل کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سانپ گھر، زرافہ ہاؤس، شیر گھر،ہاتھی گھر، مچھلی گھرکاجائزہ لیا اور اپ گریڈیشن پروگرام کے تحت جانوروں کے پنجروں کو کشادہ رکھنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور چڑیا گھر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جانوروں کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شیروں او ردیگر جانوروں کی خوراک اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سیکرٹری وائلڈ لائف او رڈی جی وائلڈ لائف نے لاہور چڑیاگھرکے اپ گریڈیشن پلان پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی جی پی ایچ اے،ڈپٹی کمشنر او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے۔