ایک نیوز: لاہور اور فیصل آباد سے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ائیرپورٹ سکیورٹی فورس( اے ایس ایف) حکام کا کہنا ہے کہ آکاش مسیح اور ان کی اہلیہ انی آکاش دوحا قطر جانے کیلئے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچے جہاں جوڑے کے سامان کو اسکریننگ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق سامان کی تفصیلی تلاشی کے دوران 2.490 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ہیروئن کو 1.250 اور 1.250 کلوگرام کے دو الگ الگ پیکٹوں میں رکھا گیا تھا جو بیگز کے خفیہ خانوں سے برآمد کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف عملے نے پیشہ ورانہ مہارت سے منشیات برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی جبکہ ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے بھی کروڑوں روپے کی آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ملزم وقاص نے بیگ کی تہہ میں ڈیڑھ کلو آئس ہیروئن چھپا رکھی تھی۔