نئے سال کا تحفہ،یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کیلئے ریلیف پیکیج منظور

Dec 31, 2022 | 22:54 PM

ایک نیوز:وزیر اعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت بنیادی اشیا ضروریہ پر خصوصی ٹارگٹڈ سبسڈی یکم جنوری سے فراہم کر نے کی منظوری دیدی ۔

ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق سبسڈائزڈ اشیا ضروریہ میں آٹا، چینی، گھی، چاول اور دالیں شامل ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت رجسٹرڈ صارفین جنکا سکور غربت انڈیکس میں 32 پی ایم ٹی کے برابر یا نیچے ہو گا ان کو آٹا، چینی، گھی، چاول اور دالوں پر خصوصی ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائیگی۔

رجسٹرڈ صارفین کیلئے آٹا 10کلو بیگ 400 روپے، گھی 300 روپے فی کلو جبکہ چینی 70 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی۔چاول اور دالوں پر 15-20روپے فی کلو کی بچت ہوگی، ان صارفین کیلئے ماہانہ خریداری کی حد آٹا 40 کلو، چینی 5 کلو اور گھی 5 کلو مقرر کی گئی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کے دیگر صارفین کو بھی وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی دی جائیگی۔

عام صارفین کیلئے بھی آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالوں پر سبسڈی دی جائیگی۔ ان تمام صارفین کو آٹا 10 کلو بیگ 648 روپے، گھی فی کلو 375 روپے اور چینی 89 روپے فی کلو، کے حساب سے فراہم کیا جائیگا جبکہ چاول اور دالوں پر 15-20 روپے فی کلو کی بچت ہو گی، ان صارفین کیلئے ماہانہ خریداری کی حد آٹا 20 کلو، چینی 3 کلو، گھی 3 کلو مقرر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں