ایک نیوز: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ کے خلاف پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا۔
رہنماپی ٹی آئی فواد چودھری کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اسلام آباد میں الیکشن نہ کروانے کے معاملے پر ہماری عدالت سے درخواست ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو کام سے روکا جائے، عدالت جائزہ لے اور اپنا فیصلہ لے۔کل ہماری دو ایم پی ایز راشدہ بیگم اور فرحت فاروق میڈیا پر آئیں اور انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ناصر علی شاہ اور شرجیل میمن کے ذریعے سے ہم سے رابطہ کیا گیا اور پیسوں کی آفر کی گئی، یہ کرپٹ پریکٹس میں آتا ہے اور انتہائی سنگین جرم ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے پنجاب میں شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ کے خلاف پرچہ دائر کیا جائے گا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا ہمارے رحیم یار خان سے ایم پی اے خواجہ مسعود جنہوں نے پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے انہیں نااہل ڈکلیئر کر دیا ہے اور پی ٹی آئی نے بھی اس ضمن میں اپنی کارروائی مکمل کر لی ہے، ہم اس حوالے سے اسپیکر کو کہہ دیا ہے کہ خواجہ مسعود کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیج دیں۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اس کی سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ جو صوبہ سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثر ہے اسے ہی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔