40سال غلاظت ڈھونے والی کو شہریوں نے ڈپٹی مئیربنا دیا

Dec 31, 2022 | 15:57 PM

ایک نیوز :جھاڑو دینے والی خاتون کو ڈپٹی میئر کی کرسی پر بٹھا دیا۔ کہا جاتا ہے کہ گیا میں صفائی کا پیغام دینے والی چنتا دیوی نے اپنے سر پر گندگی اٹھانے کا کام بھی کیا ہے۔

 یادرہے چنتا گزشتہ 40 سالوں سے میونسپل کارپوریشن میں  بطور خاکروب کام کر رہی تھیں۔ روزانہ گندگی  اٹھانے اور جھاڑو دینے والی چنتا دیوی ریٹائر منٹ کے بعد  اب سبزی فروخت کرنے کا کاروبار  کرتی تھیں۔

تاہم انہوں نے پسماندہ ذات کی نشست پر  گیا میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر کا عہد ے پر انتخاب لڑا اور عوام کی مکمل حمایت سے ریکارڈ تعداد میں ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

گیا کے سابق ڈپٹی میئر موہن سریواستو کا کہنا ہے کہ چنتا دیوی نے گیا میں میلا (انسانی غلاظت) ڈھونے کا کام بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بھگوتی دیوی سر پر ٹوکری لے کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں، میلا ڈھونے والی چنتا دیوی نے بھی اسی طرح ڈپٹی میئر کا عہدہ حاصل کر لیا۔ چنتا دیوی نے  اپنے مخالف امیدوار نکیتا راجک کو 27 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ہے۔

چنتا دیوی کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے لیکن انہوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا اپنا کام کبھی نہیں چھوڑا۔ انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری سے ادا کی اور لوگوں کے دلوں میں اپنا مقام  بنایا۔ چنتا نے  کہا کہ  لوگ اتنی عزت دیں گے، سوچا نہیں تھا۔ اگر آپ اپنا کام کرتے رہیں تو عوام بھی آپ کی عزت کرتی ہے۔ وہ جس دفتر میں جھاڑو دینے کا کام کرتی تھی، اب وہیں سے بیٹھ کر شہر کی صفائی کا منصوبہ خود بنائیں گی۔

مزیدخبریں