ایک نیوز: سرکاری ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر آنگ سانگ سوچی کو سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر مزید 7 سال کی قید سنا دی گئی۔
میانمار کی نوبل انعام یافتہ 77 سالہ رہنما آنگ سانگ سوچی کوعہدے سے فارغ ہونے کے باوجود سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر مزید سزا سنائی گئی۔ آنگ سانگ سوچی کی حکومت کو گزشتہ سال برطرف کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آنگ سانگ سوچی پر کرپشن کے متعدد مقدمات ہیں جن میں انہیں مجموعی طور پر 33 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
آنگ سانگ سوچی کے خاندان اور حامیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فوجی حکومت اس طرح کی سزائیں دے کر سوچی کو آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا چاہتی ہے۔
میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی گزشتہ سال فوجی بغاوت کے بعد سے جیل میں ہیں۔