بنوں میں سیکیورٹی قافلے پر خودکش حملے میں 9 فوجی شہید

Aug 31, 2023 | 23:19 PM

ایک نیوز :خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں موٹرسائیکل سوار کے خودکش بم دھماکے میں 9 فوجی جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کے علاقے جانی خیل میں موٹرسائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے نتیجے میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ پانچ زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کیلیے آپریشن شروع کردیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جبکہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہا ہے کہ بنوں میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 9 بہادر سپاہیوں کی شہادت سے دل ٹوٹ گیا، واقعہ میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے،ایسی حرکتیں سراسر قابل مذمت ہیں۔انہوں نے لکھا کہ میری ہمدردیاں شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاکستان ایسی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے، بنوں میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں 9 جوانوں کی شہادت سے دل غمزدہ ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بنوں میں فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے فوج کے شہید جوانوں کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کیلئے جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی، نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ختم کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بنوں میں فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد قوم اور ملک کے دشمن ہیں، فوجی جوانوں پر خود کش حملہ کرنے والوں کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے مادر وطن کیلئے شہید ہونے والے جوانوں کو نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا ہے۔

نگراں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم نے جانی خیل بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت اور شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں