48 گھنٹے میں بجلی کے بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، وزیراعظم 

Aug 31, 2023 | 20:55 PM

ایک نیوز :نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں کے مسئلہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے،آئندہ 48 گھنٹے میں بجلی کے بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیئر صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم  انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں سے پوچھا کہ کتنی بجلی مفت استعمال کرتے ہیں، بجلی کے بل دینا ہوں گے، آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمل کریں گے، آئی پی پیز،لائن لاسز  اور  چوری کی وجہ سے بجلی مہنگی ہے، حکومت نے زیادہ تر وقت بجلی کی قیمتوں کےحوالے سے لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بحران نہیں، منصوبہ بندی کے تحت بے یقینی اور مایوسی پھیلائی جارہی ہے، حالات مشکل ہیں مگر جلد سرخرو ہوں گے۔ان کا کہناتھا کہ ہمیں معاشی اور سکیورٹی کے مسائل کا سامنا ہے، الیکشن کی تاریخ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

انہوں نےکہا کہ  ملک میں مایوسی پھیلانا درست نہیں، ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے،  ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سےنمٹا جائےگا، زراعت، معدنیات اور  آئی ٹی کے شعبے میں بہت صلاحیت ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کا معاملہ آئی ایم ایف سے مل کر  دیکھ رہے ہیں، فوج میں کوئی فری بجلی استعمال نہیں کر رہا، دفاعی بجٹ سے دے رہے ہیں، مہنگائی ضرور  ہے مگر اتنی نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال ہو، ہم آئی ٹی، میڈیکل، سیاحت اور  دفاعی پیداوار  پرکام کر رہے ہیں۔

 ان کا مزید کہناتھا کہ الیکشن وقت پر ہوگا، الیکشن کرانےکا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، نادرا چیئرمین کے  لیے اسپیشلائزڈ شخص کی ضرورت ہے، دہشت گردی اور حساس معاملات دیکھ کر نادرا رولز میں ترمیم کی، نادرا کے معاملات بڑی حد تک ملک کی سیکیورٹی سے متعلق ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں