کراچی: 4 سالہ ننھی کلی کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئی

Aug 31, 2023 | 15:40 PM

پی این ا ین: سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں کھلے گٹر میں گر کر ایک اور ننھی کلی زندگی کی بازی ہار گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ، مواچھ گوٹھ میں 4 سال کی معصوم بچی گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی، بچی کی شناخت عمرہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی لاش نکا لی اور اسپتال منتقل کی، جہاں سے بچی کے ورثاء قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے لاش گھر لے گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ بچی گلی میں کھیلتے کھیلتے کھلے مین ہول میں گر گئی تھی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہاں موجود بیش تر گٹرز کے ڈھکن موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کے گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں تاہم اس واقعے میں بچی کی موت واقع ہو گئی ہے۔

موچکو پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے، اگر وہ کوئی قانونی کارروائی کرنا چاہیں تو کارروائی ضرور کی جائے گی، تاہم بچی کے ورثا اس کی لاش سرکاری اسپتال نہیں بلکہ ایک نجی اسپتال لے گئے تھے اور پھر واپس گھر لے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں کُھلے مین ہولز کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ ان ہولز کی وجہ سے 2023 کے 8 ماہ میں 68 جانیں ضائع ہوچکی جس پر شہری انتظامیہ کو دہائی دیتے نظر آئے ہیں۔

مزیدخبریں