ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایمان مزاری کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی و حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ، جس دوران وزارت داخلہ حکام عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ایمان مزاری کے خلاف صوبوں میں درج مقدمات کی تفصیلات منگوائیں؟
وزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایمان مزاری کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے،وفاقی حکومت ایسے معاملات میں صوبوں کو حکم نہیں دے سکتی ۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی بات کررہے ہیں، ہم نے معلومات حاصل کرنے کا کہا ہے ۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرڈر دیر سے ملاہے،کچھ وقت دے دیا جائے۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خدشہ ہے اڈیالہ جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار کر لیا جائے گا۔
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وزارت داخلہ کو کیا ہدایات ہیں؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جیل میں ہے آپ تفتیش کریں ، چالان جمع کروائیں، ٹرائل کرائیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ اسے کیا کہنا چاہیے تھا ، کیا نہیں، میں اس سے متعلق کچھ نہیں کہوں گا، سیکریٹری داخلہ کو بتائیں ایمان مزاری کیس میں کورٹ آرڈر کیا ہے؟
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی ۔