ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے۔پانچ مختلف کاروائیوں کے دوران 37 کلو منشیات برآمد کی جبکہ 3 مطلوبہ ملزمان گرفتار کر لیے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 25 گرام ویڈ جبکہ حیدرآباد میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے 10 کلو چرس برآمد ہوئی۔ چرس واٹر کولر اور ہاٹ پاٹ میں چھپا کر پشاور سے اسمگل کی گئی تھی۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ پسنی کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 17 کلو 500 گرام افیون برآمد کی گئی جبکہ دوران کارروائی تربت کے رہائشی دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
خیبر کے علاقے زخہ خیل میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 9 کلو چرس اور چارسدہ روڈ پشاور کے قریب مقامی رہائشی سے 450 گرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔