ایک نیوز: بجلی کے بلوں میں اضافہ کیوں ہوا ہے ، کون، کون سا ٹیکس کس مد میں لیا جارہا ہے ، ٹیکسز کے علاوہ اور دیگر سرچارجز کتنے ہیں؟ تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔
نیپرا نے بجلی یونٹ میں 4 روپے 96 پیسے کا بنیادی اضافہ کیا جس کے بعد ملک بھر کے صارفین کا بجلی کا بل بڑھ گیا۔100 یونٹ تک کے صارفین کا پہلے فی یونٹ 13روپے 78 پیسے کا تھا، اب 16 روپے 48 پیسے کا ہے، یعنی 3 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
200 یونٹ تک فی یونٹ پہلے 18روپے 95 پیسے کا تھا اور اب 22روپے 95 پیسے کا ہے، مطلب 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
300 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کا پہلے فی یونٹ 22 روپے 14 پیسے کا تھا ، اب27 روپے 14 پیسے کا ہے ، یعنی 5 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح 400 یونٹ تک فی یونٹ 25 روپے 80 پیسے کا تھا ، اب 32 روپے 30 پیسے کا ہے، یعنی ساڑھے 6 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
500 یونٹ تک پہلے فی یونٹ 27 روپے 74 پیسے کا تھا اور اب 35 روپے 24 پیسے کا ہے۔ مطلب ساڑھے 7 روپے فی یونٹ کا اضافہ ہوا ہے۔
بجلی میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوا، اس لیے اگست کے بلوں میں ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے نام پر پچھلے مہینے کے بل کا اضافہ رواں ماہ میں ہوا اور رواں ماہ کی بجلی کے یونٹ پر بھی رقم بڑھ گئی یوں بلوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
رواں ماہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہریونٹ پر 2 روپے 31پیسے بڑھے ہیں۔
کے الیکٹرک کے مطابق گزشتہ ماہ مہنگا فرنس آئل یا گیس خرید کر صارفین کو سستی بجلی دی جائے تو فیول کاسٹ ایڈجسٹمٹ کی رقم رواں ماہ میں شامل کردی جاتی ہے۔
اگر کے الیکٹرک کا حساب کتاب یہ بتائے کہ صارفین سے رواں ماہ رقم کم لی گئی ہے تو مزید رقم کے حصول کیلئے یونیفارم کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ کے نام سے پچھلے مہینوں کی رقم رواں مہینے میں لی جاتی ہے اوراس ماہ بھی کوارٹر لی ایڈجسٹمنٹ کے نام سے بلوں میں فی یونٹ ایک روپے 55 پیسے لیے گئے ہیں۔
جن صارفین کو ماضی کی حکومتوں نے ریلیف دیا ان سے پچھلے مہینوں کی رقم لینے کیلئے ڈیفرڈ ایف سی اے حاصل کیاجاتا ہے۔ اس ماہ کے بل میں مئی کے ڈیفرڈ ایف سی اے کی مد میں 74پیسے اور جون کے ہر یونٹ کی مد میں 33 پیسے لیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پاور سیکٹر کا گردشی قرض اتارنے کیلئے بھی پیسے بجلی صارفین سے لیے جا رہے ہیں۔
پاور ہولڈنگ لمیٹڈ سرچارجز کے نام سے ہر گھریلو صارف سے فی یونٹ 43 پیسے جبکہ کمرشل صارفین سے 3 روپے 82 پیسے وصول کیے جاتے ہیں۔
ڈھائی سو یونٹ کے بل پر الیکٹرک سٹی ڈیوٹی، سیلز ٹیکس ٹی وی ایل فیس ملا کر ٹیکسز اور ڈیوٹیز 13 فیصد سے زائد ہیں۔
اگر ایک بل تقریباً ڈھائی سو یونٹ کا ہے تو 27 روپے فی یونٹ کے حساب سے پرائز 7 ہزار روپے ہوں گے لیکن ٹیکسز اور دیگر چارجز تقریباً ساڑھے 5 ہزار روپے کے بنیں گے اور یوں 7 ہزار کا بل ساڑھے 12ہزار کا ہوجائے گا۔