کیاآپ انسانی جسم میں کیلشیئم کی کمی کےاثرات جانتےہیں؟

کیاآپ انسانی جسم میں کیلشیئم کی کمی کےاثرات جانتےہیں؟
کیپشن: Do you know the effects of calcium deficiency in the human body?

ایک نیوز:کیلشیئم ہمارے جسم اور صحت کیلئے بہت اہم غذائی جز ہے۔
تفصیلات کےمطابق ہمارا جسم اس منرل کو ہڈیاں اور دانت مضبوط بنانے کیلئے استعمال کرتا ہے جبکہ دل اور دیگر مسلز کے افعال کیلئے بھی اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
مگر متعدد افراد کو کیلشیئم کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔جب جسم میں کیلشیئم کی کمی ہوتی ہے تو ہڈیوں کی کمزوری سمیت دیگر امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔جسم میں کیلشیئم کی کمی ہونے پر ابتدا میں عموماً علامات نمودار نہیں ہوتیں، مگر وقت کے ساتھ یہ مسئلہ سنگین ہوتا ہے۔
اس صورت میں جو علامات نظر آتی ہیں وہ درج ذیل ہیں۔
مسلز کے مسائل
کیلشیئم کی کمی کا سامنا کرنے والے فرد کو مسلز میں تکلیف، اکڑن اور تشنج جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اسی طرح چلنے کے دوران رانوں اور ہاتھوں میں تکلیف ہو سکتی ہے جبکہ ہاتھوں اور پیروں کے سن ہونے یا سوئیاں چبھنے جیسے احساس کا بھی سامنا ہوتا ہے۔
حد سے زیادہ تھکاوٹ
جسم میں کیلشیئم کی مقدار کم ہونے پر بہت زیادہ تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے جبکہ ایسا لگتا ہے جیسے جسمانی توانائی ختم ہوگئی ہے۔بہت زیادہ تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ سستی، بے خوابی اور سر چکرانے جیسے مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے۔
ناخن اور جِلد کے امراض
کیلشیئم کی کمی ہونے پر خشک جِلد، کمزور یا بھربھرے ناخن، سر کے درمیان سے بالوں کے جھڑنے، چنبل اور کھردرے بالوں جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔البتہ ناخنوں پر سفید نشان بننا کیلشیئم کی کمی کی علامت نہیں ہوتی۔
ہڈیوں کی کمزوری
ہماری ہڈیوں کو کیلشیئم کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان کی مضبوطی برقرار رہ سکے۔مگر جب جسم میں کیلشیئم کی سطح گھٹ جاتی ہے تو ہڈیوں کی کمزوری اور انجری کا خطرہ بڑھتا ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کی کثافت گھٹ جاتی ہے اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کے مرض کا سامنا ہوتا ہے۔اسی طرح ہڈیوں میں بہت زیادہ تکلیف بھی ہونے لگتی ہے۔
دانتوں کے مسائل
جب جسم کو کیلشیئم کی کمی کا سامنا ہوتا ہے تو وہ دانتوں سے اسے حاصل کرتا ہے جس کے باعث دانتوں کے امراض جیسے دانتوں کی کمزوری، مسوڑوں میں خارش، دانتوں کی جڑیں کمزور ہونا اور دانت ٹوٹنے جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
بچوں میں کیلشیئم کی کمی سے دانتوں کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ڈپریشن
کچھ شواہد کے مطابق جسم میں کیلشیئم کی کمی سے ذہنی امراض بشمول ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس حوالے سے تحقیقی شواہد تو بہت زیادہ موجود نہیں مگر کیلشیئم کی کمی کے ساتھ ڈپریشن کا سامنا ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔