ایک نیوز:بھارتی دارالخلافہ دہلی میں حکام نے بندروں کو جی 20 سمٹ اجلاس کیلئے مقرر ہ مقامات سے دور رکھنے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کر لیا۔
بھارتی حکام کی جانب سے بندروں کو جی 20 سمٹ کے اجلاس میں افراتفری مچانے دور رکھنے کیلئے بڑے اور لڑاکا لنگور بندروں کے لائف سائز تصویری بورڈ نصب کیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر30سے40 ایسے افراد کو بھی تعینات کیا جائے گا جو کہ جانوروں کی آوازیں نکالنے کے ماہر ہوں تا کہ اجلاس کی حدود میں داخل ہونے والے چھوٹے بندروں کو ڈرا کر دور رکھا جا سکے۔
حکام کا کہنا تھا کہ بندروں کیلئے مخصوص مقامات پر کھانا بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ کھانے کی تلاش میں ادھر ادھر ٹہلتے نہ پھریں۔
دہلی میں بندروں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باوجود حکام کو توقع ہے کہ یہ طریقے بندروں کو اجلاس کے مقررہ مقامات سے دور رکھنے کیلئے کارگر رہیں گے۔
اس سے قبل 2010 میں کامن ویلتھ گیمز کے موقع پر اصلی لنگور بندروں اور جانوروں کی آوازیں نکالنے والے ماہرین کی مدد لی گئی تھی جبکہ 2014 میں بندروں کو پارلیمنٹ ہاؤس اور دارالخلافہ کی دیگر سرکاری عمارتوں سے دور رکھنے کیلئے لنگوروں کی آوازیں نکالنے والے 40 افراد کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ بھارت 9 اور 10 ستمبر کو جی 20 رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔