عمران خان 'اینگری مین' بن گئے، اعظم نذیر تارڑ کا آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان

Aug 31, 2022 | 21:09 PM

ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بارے میں لاڈلے ہونے کا تاثر پایا جاتا ہے، ریاست پاکستان کیخلاف جانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کے مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، ہمارے لیے پاکستان کی عدالت کی تکریم بہت اہم ہے، ہم عدالت کے دفاع کے ہر اول دستے میں موجود ہوتے ہیں، لیکن انصاف کا معیارسب کیلئے یکساں ہوناچاہیے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری، دانیال عزیز توہین عدالت کیس میں نااہل ہوئے، انہیں عدالت کے فیصلوں پر سزائیں بھی بھگتنا پڑیں، نہال ہاشمی اس فیصلے کے تناظر میں جیل بھی گئے، اسی نوعیت کے کیس میں طلال چوہدری کو موقع نہیں دیا گیا۔

وزیر قانون نے کہا کہ اسلام آباد کی خاتون جج کے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے اور یہ نامناسب الفاظ ایک ایسے شخص نے استعمال کیے جو ملک کا وزیراعظم رہا ہے، عمران خان الیکشن کمیشن سمیت ہر ادارے کو للکارتے ہیں، وہ شاید بہت ناراض ہیں“ اینگری مین“بنے ہوئے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بارے میں لاڈلے ہونے کا تاثر پایا جاتا ہے ، آئین کے آرٹیکل 25 کی رو سے عمران خان پر بھی دیگر سیاستدانوں کی طرح قانون لاگو ہونا چاہیے، توہین عدالت کےمرتکب شخص کو سزا دیے بغیر نہیں چھوڑا جاسکتا، عدالتی نظام کی خودمختاری کیلئےسب سے بڑا کیس شفافیت ہے، انصاف کامعیارسب کیلئےیکساں ہوناچاہیے۔

مزیدخبریں