ایک نیوز نیوز: ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات ، ہر خاتون کیلئے 1500 روپے ماہانہ ، 300 یونٹ بجلی مفت ۔۔ کانگرس نے عوام کے لئے پرکشش پیکج پیش کردیا
رپورٹ کے مطابق، شملہ میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ اور ہماچل کانگریس کے چیف الیکشن آبزرور بھوپیش بگھیل پہنچے۔ شملہ کے راجیو بھون میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کانگریسی لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا اور ہماچل پردیش کانگریس انچارج راجیو شکلا، ریاستی صدر پرتبھا سنگھ، مکیش اگنی ہوتری، سکھویندر سنگھ سکھو، دھنی رام شانڈل، سنجے دت بھی موجود تھے۔ اس دوران کانگریس نے ہماچل پردیش کی عوام کو 10 گارنٹی دینے کا اعلان کیا۔
کانگریس نے اپنی گارنٹی منشور میں کہا ہے کہ کانگریس کی حکومت بننے پر ریاست کے ملازمین کو سب سے بڑا تحفہ دیا جائے گا اور کانگریس حکومت ملازمین کی پرانی پنشن کو بحال کرے گی۔ اس کے علاوہ ہماچل کی ہرایک خاتون کو ہر ماہ 1500 روپئے دیئے جائیں گے۔ صوبے کی عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا بھی کانگریس نے اعلان کیا۔
اس کے علاوہ پانچ لاکھ نوجوان کو روزگار دیا جائے گا، باغبان اپنی فصل اور پھلوں کی قیمت خود طے کریں گے، نوجوانوں کے لئے 680 کروڑ روپئے کا اسٹارٹ اپ فنڈ، موبائل کلینک سے ہر گاوں میں علاج، ہر اسمبلی حلقہ میں 4-4 انگریزی میڈیم اسکول، دو روپئے گوبر خرید اور گائے بھینس پالنے والوں سے ہر دن 10 لیٹر دودھ کی خرید حکومت کرے گی۔