توشہ خانہ 2کیس :عمران خان، بشری بی بی کی ضمانت خارج 

Sep 30, 2024 | 12:49 PM

ایک نیوز: توشہ خانہ 2کیس میں عمران خان، بشری بی بی کی ضمانت خارج ہو گئی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت اڈیالہ جیل ہوئی ،ایف آئی اے کی طرف سے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اپنی ٹیم کے ساتھ پیش ہوئے ،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی وکالت بیرسٹر سلمان صفدر نے کی،سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے درخواستوں پر سماعت کی۔    
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، ملزمان کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، انتظار پنجوتھہ اور خالد یوسف چودھری پیش ہوئے۔
 ملزمان نے بلغاری سیٹ سعودی حکومت سے وصول کیا، بلغاری سیٹ میں دو آئٹمز نیکلیس اور ائیر رنگز کا ریکارڈ وزارت خارجہ سے حاصل کیا گیا ہے،ریکارڈ کے مطابق دونوں آئٹمز کی قیمت7کروڑ 15 لاکھ روپے ہے، ملزمان نے بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا،ملزمان نے پرائیویٹ فرم سے بلغاری سیٹ کی قیمت صرف 58 لاکھ روپے لگوائی۔
ایف آئی پراسیکیوشن ٹیم نے عدالت سے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعاکی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، وقفے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
 دو اکتوبر کو توشہ خانہ ٹو کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔    

مزیدخبریں