ایک نیوز :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا ،انہیں مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ دینے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی تھے۔شرکا کی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ،آرمی چیف نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں ، دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے، یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ نہیں پھینکیں گے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے، پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے، آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی ، آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا، زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔