ایک نیوز: ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے معاملے پر عدالت نے سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی فہیم خان اور عدیل احمد سمیت 4 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے خلاف ہنگامہ آرائی ،جلاؤ گھیراؤ کے معاملے پر انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی فہیم خان اور عدیل احمد سمیت 4 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیدیا۔
عدالت نے مفرور ملزمان کے خاکے آویزاں کرنے اور ان کی جائیداد کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے گرفتار سابق رکن اسمبلی راجا اظہر کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر راجا اظہر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق سابق اراکین قومی و سندھ اسمبلی فہیم خان اور عدیل احمد خان ، کارکنان اورنگزیب اور اشفاق مفرور ہیں،مقدمہ میں طارق ، عامر ، عبداللہ، رضون ،جاوید ، فہد سمیت 13 ملزمان گرفتار ہیں۔
پولیس کے مطابق 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کی اطلاع پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کارکنان کو اشتعال دلوایا ،تحریک انصاف کے کارکنان نے لاٹھی و ڈنڈوں سے مسلح ہوکر ہنگامہ آرائی کی،مقدمہ میں عالمگیر خان سمیت 4 ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں۔