ایک نیوز: نیویارک میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد جمعے کو شہر کے کچھ حصوں میں سیلابی صورتحال ہے اور سب ویز سمیت ہوائی اڈے جزوی طور پر بند ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث نیو یارک میں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے شہر، مشرق میں لانگ آئی لینڈ اور شمال میں دریائے ہڈسن کے آس پاس علاقوں کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں پر سفر نہ کریں۔
نیویارک کے آس پاس کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاریں آدھی ڈوبی ہوئی ہیں اور ٹریفک میں خلل پڑا ہے، کچھ بڑی سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں۔ نیو یارک کا سب وے سسٹم بھی سیلاب سے متاثر ہوا۔
نیویارک سب سروس نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ’زبردست سیلاب کی وجہ سے صرف انتہائی محدود سب وے سروس دستیاب ہے۔ بہت سے سٹیشنوں پر سروس معطل ہے۔ براہ کرم گھر رہیں اور بلا ضرورت سفر مت کریں۔
نیشنل ویدر سروس نے جمعے کے اواخر تک دو انچ (5.1 سینٹی میٹر) فی گھنٹہ بارش کے ساتھ سیلاب آنے کا انتباہ دیا نیز کہا گیا کہ سات انچ (18 سینٹی میٹر) تک یہ صورتحال پہنچ سکتی ہے۔بہت زیادہ بہاؤ کے نتیجے میں ممکنہ طور پر شہری اور ناقص نکاسی آب کے علاقوں میں متعدد جگہ سیلابی صورتحال کا سامنا ہو گا اور ساتھ ہی ساتھ چھوٹے دریا اور ندیاں بھی تیزی سے بھر سکتے ہیں۔
نیویارک میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ہوائی اڈے مکمل طور پر کام نہیں کر رہے ہیں۔مسافروں کو شہر کے لاگارڈیا ہوائی اڈے میں داخل ہونے کے لیے سیلابی پانی میں سے گزرنا پڑ رہا ہے۔بارشوں کے باعث ہوائی اڈے نے اپنا ایک ٹرمینل بھی بند کر دیا ہے جس سے تقریباً 200 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
نیویارک کے سب وے سسٹم کی بھی کئی لائنیں بروکلین میں بند ہیں کیونکہ پانی سیڑھیوں اسٹیشنوں کی چھتوں سے بہہ رہا ہے۔نیو یارک سب وے 420 اسٹیشنوں اور 30 سے زیادہ لائنوں کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے ٹرین نیٹ ورک میں سے ایک ہے۔ لاکھوں رہائشی سکول اور کام پر جانے کیلئے اس پر انحصار کرتے ہیں۔ ٹرینیں منسوخ ہونے سےمسافر گھنٹوں مضافاتی علاقوں کی طرف پھنسے رہے۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں دنیا کے بہت سے حصوں میں زیادہ شدید موسمی حالات پیدا ہوئے ہیں۔حالیہ برسوں میں نیو یارک سٹی کے علاقے سمیت امریکہ کے بہت سے حصوں میں شدید بارشیں لانے والے نظام زیادہ عام ہو گئے ہیں۔