ایک نیوز: ورلڈکپ کے آغاز سے چند روز قبل بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شکیب الحسن کو پریکٹس کے دوران فٹبال کھیلتے ہوئے ایڑھی پر چوٹ لگی جس کے باعث شکیب الحسن نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف پہلا پریکٹس میچ بھی نہیں کھیلا۔گزشتہ روز کھیلے گئے وارم اپ میچ میں شکیب الحسن ٹاس کے وقت گراؤنڈ میں نہیں آئے اور بتایا گیا کہ ان کی ایڑھی سوجھی ہوئی اور انہیں ایڑھی میں شدید تکلیف ہے۔
ایڑھی کی انجری کے باعث شکیب الحسن دوسرا وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے اور خدشہ ہے کہ ورلڈکپ کے اپنے افتتاحی میچ میں افغانستان کے خلاف بھی شکیب الحسن ایکشن میں نظر نہ آئیں۔
شکیب الحسن کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے بنگلا دیش کی جانب سے 240 ون ڈے کھیل رکھے ہیں جس میں انہوں نے 7300 سے زائد رنز اور وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور گزشتہ ورلڈکپ میں بھی شکیب الحسن 606 رنز کے ساتھ تیسرے ٹاپ اسکورر رہے تھے۔