کینسرکاخطرہ کن افرادمیں بڑھ جاتاہے؟

Sep 30, 2023 | 06:40 AM

ایک نیوز:اگرکسی فردکوکینسرجیسی مہلک بیماری کاسامناہوتواس سے مکمل صحتیابی کا امکان تو ہوتا ہے مگر اس صورت میں اگر اس کی تشخیص جلد ہوجائے، جبکہ بیماری کا علاج بہت تکلیف دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کےمطابق مگر اب تک طبی ماہرین یہ تعین نہیں کرسکے کہ کس فرد میں کینسر کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔
تاہم کینسر کا خطرہ بڑھانے والے چند عناصر کی ضرور نشاندہی ہو چکی ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کس فرد میں اس بیماری کا خطرہ زیادہ ہے۔اس حوالے سے اب تک جو کچھ سائنسدان جان چکے ہیں وہ تفصیلات درج ذیل ہیں۔
عمر
عمر میں اضافہ کینسر کا خطرہ بڑھانے والا سب سے بڑا عنصر تصور کیا جاتا ہے۔درحقیقت عمر کو کینسر کی متعدد اقسام سے منسلک کیا جاتا ہے اور کینسر کے لگ بھگ50 فیصد مریضوں کی اوسط عمر 66 سال ہوتی ہے۔
مگر یہ واضح رہے کہ کینسر کا سامنا کسی بھی عمر میں ہو سکتا ہے مگر پھر بھی عمر میں اضافے کو اس بیماری کا خطرہ بڑھانے والا سب سے بڑا عنصر تصور کیا جاتا ہے۔
دائمی ورم
ورم ہمارے جسم کا ایک عام ردعمل ہوتا ہے جو مختلف ٹشوز کی انجری پر متحرک ہوتا ہے۔ورم کے باعث ایسے کیمیکلز کا اخراج ہوتا ہے جو متاثرہ ٹشوز تک پہنچتے ہیں اور خون کے سفید خلیات ایسا مواد تیار کرتے ہیں جو خلیات کی نشوونما اور تقسیم کا کام کرتے ہیں، جس سے انجری ٹھیک کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مگر دائمی ورم کے دوران یہ عمل ہر وقت جاری رہتا ہے اور اس کے نتیجے میں مدافعتی نظام بہت زیادہ متحرک ہو جاتا ہے جس سے ڈی این اے کو نقصان پہنچتا ہے اور کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
غذائی عادات
متعدد تحقیقی رپورٹس میں غذائی عادات اور کینسر کے خطرے میں اضافے یا کمی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ابھی ٹھوس طور پر تو ثابت نہیں ہو سکا کہ کونسی غذا کینسر کا شکار یا اس سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے مگر یہ ضرور معلوم ہوا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال ممکنہ طور پر کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ موجودہ عہد میں ان غذاؤں کا استعمال بہت زیادہ ہو رہا ہے جبکہ سرخ گوشت کے زیادہ استعمال کو بھی کینسر سے منسلک کیا جاتا ہے۔
الکحل
الکحل کے استعمال سے منہ، حلق، غذائی نالی، جگر اور بریسٹ کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔اس کا جتنا زیادہ استعمال کیا جائے گا، کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔
موٹاپا
جسمانی وزن میں اضافے سے کینسر کی متعدد اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔کینسر کی ان اقسام میں بریسٹ، آنتوں، غذائی نالی، گردے، لبلبے اور دیگر قابل ذکر ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ طبی ماہرین کی وجہ سے جسمانی وزن کو صحت مند سطح پر رکھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ کینسر سمیت امراض قلب، ذیابیطس ٹائپ 2 اور ہائی بلڈ پریشر سے تحفظ مل سکے۔

مزیدخبریں