ایک نیوز نیوز: ٹرین پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر آگئی۔ پاکستان ریلوے نے کراچی تک مرحلہ وار مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں مرحلہ وار کراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیرریلوے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیصلہ مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پہلے مرحلے میں روہڑی تک بحال کی گئی 2 ٹرینوں کو کراچی تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبرمیل اور رحمان بابا ایکسپریس 2 اکتوبر سے کراچی تک چلائی جائیں گی۔
وزیرریلوے نے بیان میں کہا ہے کہ اگلے مرحلے میں 5 اکتوبر سے قراقرم، کراچی، پاک بزنس ایکسپریس کو بحال کیا جائے گا۔ لاہور سے کراچی تک چلنے والی ہر ٹرین کا اوسط دورانیہ 22 گھنٹے رکھا جائے گا، اس کے علاوہ تمام ٹرینوں کو اضافی کوچز کے ساتھ چلایا جائے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سفری دورانیے کا جائزہ ایک ماہ بعد دوبارہ لیا جائے گا اور اسے بتدریج کم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ملک میں بدترین سیلاب کے بعد کراچی تک ریلوے آپریشن روک دیا گیا تھا۔