معروف ٹیکنالوجی کمپنی کا روس کوبڑا دھچکا

روس کو معروف ٹیکنالوجی کمپنی کا بڑا دھچکا
کیپشن: A major blow to Russia by a well-known technology company(file photo)

ایک نیوز نیوز: یوکرین سے جنگ کے نتائج اب روس کو ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی بھگتنا پڑیں گے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے ایپ سٹور سے روس کے سوشل میڈیا نیٹ ورک وی کونٹا کٹے(وی کے) کو ہٹا دیا ہے۔ 

اس حوالے سے ایپل نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ روسی سوشل میڈیا نیٹ ورک کو ایپ سٹور سے ہٹانے کی وجہ روسی شخصیات اور اداروں پر برطانیہ کی جانب سے لگنے والی پابندیاں ہیں۔ 

کمپنی کے ایپ اسٹور سے جن ایپس کو ہٹایا گیا ہے انہیں اس سے قبل برطانیہ کی جانب سے منظور شدہ پارٹیوں کے ذریعے استعمال کیا جا رہا تھا تاہم اب کہا گیا ہے کہ اس نے ان منظور شدہ پارٹیوں کے اکاؤنٹس بھی بند کر دیئے ہیں۔

اس سے قبل روسی ٹیکنالوجی فرم ‘وی کے’ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اب اس کی کچھ ایپلیکیشنز ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب نہیں ہیں، تاہم ایپل کمپنی کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ وہ روسی سوشل میڈیا ایپ ہٹا کر قانون کی تعمیل کررہا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے یوکرین میں روس کے زیرِقبضہ علاقوں میں ریفرنڈم کے بعد بانوے روسی افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی تھیں، حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ روس پر لگائی جانے والی پابندیوں میں ان لوگوں اور پلیٹ فارمز کو ہدف بنایا گیا ہے جو جعلی ووٹنگ میں ملوث تھے جبکہ انفرادی سطح پر بھی ان افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جو روسی حکومت کی جارحیت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔