ایک نیوز:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی وزیرِ سرمایہ کاری اور مشیرِ شاہی دیوان نے ریاض میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ مالی معاملات میں تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کر تے ہیں ، دونوں برادر ملک مل کر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کریں گے ، معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے ان پر عمل شروع ہو گیا ہے ،سعودی ولی عہد کی بصیرت افروز قیادت میں مشترکہ اہداف حاصل کریں گے، یقین ہے سمجھوتوں کی ٹائم لائن پرعمل کریں گے ۔
سعودی وزیرنے کہا وزیراعظم اور ان کے وفد کی میزبانی اعزاز کی بات ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کاحجم دواعشاریہ آٹھ ارب ڈالر ہو گیا ہے ،اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں ۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اپنے حالیہ دورہءِ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔
سعودی عرب کے سرمایہ کاری وفد کے اکتوبر 2024 میں دورہءِ پاکستان میں 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوئے ،وزیرِاعظم کے حالیہ دورہءِ سعودی عرب میں 600 ملین ڈالر کے اضافے سے مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیا۔
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی ، سعودیہ کی جانب سےپاکستان میں سرمایہ کاری منصوبوں میں سے 5منصوبوں پر کام شروع ہو کر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے،دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی گفتگوہوئی،وزیرِ اعظم کی جانب سے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے بھی سعودی حکومت سے بات چیت کی گئی۔
مالی معاملات میں تعاون پر سعودیہ کےشکریہ گزار ہیں:شہباز شریف
Oct 30, 2024 | 15:19 PM