ایک نیوز : مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
تفصیلات کےمطابق عاصم جمیل کی نماز جنازہ آبائی گاؤں تلمبہ رئیس آباد میں ادا کی گئی،نماز جنازہ مولانا طارق جمیل نے خود پڑھائی،نماز جنازہ میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ بھی شریک ہوئے ۔
تلمبہ میں نمازجنازہ کے لیے موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ اپنے تمام بھائیوں کا شکر گزار ہوں میرے غم میں شامل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جوان بیٹےکی موت کا غم وہی جانتا ہے جس پر گزری ہے، یہ جو زخم لگا ہے جلد بھرے گا نہیں۔
واضح رہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا عاصم جمیل گولی لگنے سے انتقال کر گئےتھے، ڈی ایس پی میاں چنوں نے واقعہ سے متعلق بتایا ہے کہ مولانا عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی ماری، ان کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا جہاں پر وہ جان کی بازی ہار گئے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) October 29, 2023
آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے. اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں. اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
جبکہ آئی جی پنجاب نے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔دوسری جانب مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کے انتقال پر مختلف سیاسی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔