ایک نیوز :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھرتیوں سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اس ضمن میں سیکرٹری قومی اسمبلی کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھرتیوں کا عمل روکنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں قانون کے مطابق آزادانہ،شفاف و دیانتداری سے انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ ذاری بنتی ہے اور یہ کہ بدعنوانی پر مبنی اقدامات آرٹیکل 218(3) کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہر قسم کی بھرتیوں کے عمل پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے تاکہ ان بھرتیوں کا انتخابات کے انعقاد میں کوئی اثرنہ پڑے ۔چونکہ سپیکر قومی اسمبلی ماضی کے تمام انتخابات میں ہمیشہ امیدوار رہا ہے اور امکان ہے کہ آنیوالا سپیکراسمبلی بھی امیدوار ہوگا لہذا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کوئی بھرتی نہ کی جائے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھرتیوں کا عمل سے انتخابات کے انعقاد پر کسی قسم کے اثرورسوخ سے بچنے کےلئے ہدایت کی جاتی ہے کہ اگر بھرتیوں کا عمل شروع کیا گیا ہے یا کرنے کا اراد ہ ہے تو اس عمل کو آئندہ انتخابات کے انعقاد تک فوری طو رپر روک دیا جائے ۔