چیف سلیکٹر انضمام الحق مستعفی

Oct 30, 2023 | 17:53 PM

ایک نیوز :پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دیدیا ۔

تفصیلات کےمطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عہدے سے استعفا دے دیا وہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے لیے دفتر پہنچے مگر ان سے ملاقات نہ  ہوسکی جس کے بعد چیف سلیکٹر نے  چیئرمین کو استعفی بھجوا دیا۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں انضمام الحق نے کہا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفی دینا بہتر سمجھا۔ مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں گا۔ پی سی بی انکوائری کرے، میں دستیاب ہوں۔ بغیر تحقیق کے باتیں کی جارہی ہیں، جس نے بھی ایسی باتیں کیں ہیں وہ  ثبوت دیں۔

انضمام الحق نے  استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں۔ اس طرح کے الزمات پر دکھ ہوتا ہے، میں نے بورڈ سے کہا تھا کہ آپ کوکوئی شک ہے توانکوائری کرلیں۔  مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے جس پر بورڈ کوکہا جب تک کمیٹی تحقیقات کرلےعہدہ چھوڑ دیتا ہوں، تمام چیزیں کلیئرہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا۔

رواں برس اگست میں سابق کپتان انضمام الحق کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ انضمام الحق نے افغانستان کے خلاف سیریز، ایشیا کپ اور ورلڈکپ کےلیے پاکستانی ٹیم منتخب کی تھی۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئیں تھیں  کہ انضمام الحق کے اپنے اور کھلاڑیوں کے ایجنٹ طلحہ رحمانی کی کمپنی میں شیئرز ہیں جس کے مالکان میں محمد رضوان بھی شامل ہیں۔اس انکشاف کے بعد انضمام الحق پر بطور چیف سلیکٹر مفادات کے ٹکرائو کا الزام سامنے آیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی  ذکا اشرف نے کہا تھا کہ پی سی بی ایجنٹ کے ساتھ کمپنی میں شیئرہولڈر ہونے کے معاملے میں انضمام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ 
 
 

مزیدخبریں