افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

ورلڈ کپ: سری لنکا کا افغانستان کو جیت کیلئے 242رنز کا ہدف
کیپشن: ورلڈ کپ: سری لنکا کا افغانستان کو جیت کیلئے 242رنز کا ہدف

ایک نیوز :ورلڈ کپ 2023 کے 30 ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کا 242 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، ہدف کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز اچھا نہیں تھا کیونکہ رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

پھر 73 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زردان 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پھر رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی نے 58 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تو رحمت شاہ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمر زئی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو اختتام پر پہنچایا اور 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔سری لنکا نے 10 کھلاڑیوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے۔ پاتھم نسانکا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان کوشل مینڈس 39 اور سدیرا سمارا وکرما 36 رنز بناسکے۔

افغان فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 34 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر دموتھ کرونا رتنے 15 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان کوشل مینڈس اور اوپنر پاتھم نسانکا کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز میں بنے لیکن  پاتھم نسانکا 46 رنز بنا کر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

کپتان کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بنائے گئے لیکن یہاں کپتان 39 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سدیرا سمارا وکرما اور چارتھ اسالنکا چوتھی وکٹ کی شراکت میں محض 5 رنز کا ہی اضافہ کر سکے، مجیب الرحمان نے سدیرا سمارا وکرما کی وکٹ حاصل کی۔

چارتھ اسالنکا اور دھننجایا ڈی سلوا کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 28 رنز جوڑے گئے، دھننجایا ڈی سلوا 14 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ چارتھ اسالنکا 22 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ دشمنتھا چمیرا رن آؤٹ ہوئے۔

اینجلو میتھویز اور مہیش تھیکشنا کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 45 رنز بنائے گئے، مہیش تھیکشنا 29 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

 سری لنکا الیون

دموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، کپتان کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، کسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدھوشانکا۔

افغانستان الیون

رحمان اللہ گربز، ابراہیم زدران، کپتان ہشمت اللہ شاہدی، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمر زئی، وکٹ کیپر اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل الحق فاروقی۔