ایک نیوز:کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہاہےکہ انسانیت کے واسطے جنگ بندی کی جائے،بھائی چارےکوخراب کرناسنگین گناہ ہے۔
ویٹی کن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ جنگ ہمیشہ شکست ہوتی ہے، انسانیت کے واسطے جنگ بندی کی جائے، کمزوروں کو برباد کرنا، بھائی چارے کوخراب کرنا سنگین گناہ ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جیک سلیوان کاکہناہےکہ اسرائیل کو فلسطینی شہریوں اور حماس میں فرق کرنا چاہیے، اسرائیلی وزیراعظم مغربی کنارے کے لوگوں کے خلاف انتہاپسند یہودی آبادکاروں کا تشدد بھی رکوائیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی صورت حال کو مایوس کن قرار دے دیا۔
انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ افسوس! انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفےکے بجائے اسرائیل نے فوجی کارروائی تیز کردی ہے۔
خیال رہےکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری23 ویں روز بھی جاری ہے، تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں سمیت18 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال کے قریب بمباری کی، بمباری سے شفا ہسپتال کی طرف جانے والی زیادہ تر سڑکیں تباہ ہوگئیں ، ہسپتال میں سیکڑوں مریض موجود ہیں اور ہزاروں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہدا کی تعداد 8 ہزار5 ہوگئی ہے، زخمی فلسطینیوں کی تعداد20 ہزار242 ہے، غزہ کے شہدا میں 3 ہزار324 بچے شامل ہیں۔