ایک نیوز:فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے القسام بریگیڈ نے اسرائیل کی خفیہ جوہری تنصیبات کے علاقے پر راکٹ داغنے کا دعوی کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے دیمونا میں راکٹ داغے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ راکٹ حملے کے بعد ایریز اور نیتیو ہاسارا میں سائرن بجادیئے گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر عبرانی ذرائع سے حاصل ہونے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہاڑوں کے درمیان واقعے جوہری تنصیبات کے قریب دھوا اٹھتا دیکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ دیمونا شہر میں اسرائیل کی خفیہ جوہری تنصیبات ہیں، واقعہ کو غیرمعمولی قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ سمیت فلسطینی علاقوں میں شدید بمباری سے مزید سیکڑوں شہید ہوگئے ہیں، ایلون مسک نے غزہ میں سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ سروس فراہم کردی ہے جس کے بعد غزہ سے دنیا کا رابطہ بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں 4000 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔