پرانے کرنسی نوٹ 31 دسمبر تک تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک اعلامیہ

پرانے کرنسی نوٹ 31 دسمبر تک تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک اعلامیہ
کیپشن: Old currency notes can be exchanged till December 31, State Bank announced(file photo)

ایک نیوز نیوز: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پرانے کرنسی نوٹ رکھنے والے افراد کو ایک آخری موقع فراہم کیا گیا ہے۔ جس کے تحت وہ 31 دسمبر 2022 تک پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کروا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان اسٹیٹ بینک نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایسے شہری جن کے پاس 10،50،100 اور 1ہزار کے پرانے ڈیزائن کے بڑے کرنسی نوٹ موجود ہیں وہ ملک بھر میں اسٹیٹ بینک کے کاؤنٹرز سے 31 دسمبر 2022 تک انہیں تبدیل کرواسکتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے سال 2005 سے 2008 کے دوران 10،50،100 اور 1ہزار کے چھوٹے اور نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کا اجراء کیا تھا۔ اس کے بعد مارکیٹ سے مرحلہ وار پرانے کرنسی نوٹ واپس لینے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور یکم دسمبر 2016 کے بعد پرانے اور بڑے نوٹوں میں لین دین کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا۔ 

تاہم اب لگ بھگ 6 سال بعد اسٹیٹ بینک نے پرانے نوٹ رکھنے والے افراد کو ایک آخری موقع فراہم کیا ہے اور انہیں دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ اگر آپ کے پاس بھی پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ موجود ہیں تو اس نادر موقع سے ضرور فائدہ اٹھا لیں۔