پی ٹی آئی عہدیداروں کیخلاف اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن

پی ٹی آئی عہدیداروں کیخلاف اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن
کیپشن: Islamabad police crackdown on PTI officials(file photo)

ایک نیوز نیوز: عمران خان کے لانگ مارچ کو ناکام بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے ۔حیران کن طور پر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے ساتھ  ساتھ چودھری نثار کا نام بھی پولیس کی فہرست میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس کو لانگ مارچ کے لئے فنڈز اکٹھے کرنے یا دینے والوں کی تلاش ہے۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مقامی رہنما راجہ خرم نواز اور راجہ ذوالقرنین کے ڈیروں پر پولیس کے چھاپوں کی اطلاع ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما چھاپوں کی اطلاع پر نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔ 

ذرائع کے مطابق پولیس کو 23 مقامی افراد کی فہرستین فراہم کی گئی ہیں۔ اس فہرست میں پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنوں کا ذکر ہے۔ فہرست میں راجہ قیصر، نیاز اللہ نیازی، جمیل عباسی، زوہیب خان کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جمیل عباسی، راجہ محمد بابر اور چودھری نثار وغیر ہ کو لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مطلوبہ افراد کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کی افواہ کے معاملے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔اپنے بیان میں ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی کارکن کے گھر چھاپہ نہیں مارا گیا۔کسی بھی فرد کے خلاف کوئی مقدمہ یا کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی تاوقتیکہ وہ امن عامہ میں رکاوٹ ہو۔اسلام آباد پر امن شہر اور اسلام آباد کیپیٹل پولیس قیام امن عامہ کے لیے کوشاں ہے۔