ایک نیوز نیوز: بھارتی ریاست ہریانہ میں کالا جادو سیکھنے کے لیے عامل نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع پانی پت میں ایک شخص نے کالا جادو سیکھنے کے لئے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ملزم نے اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے جادو سیکھ رہا تھا، جس کے لئے اس نے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھیں، اور ان ویڈیوز میں کالے جادو میں مہارت حاصل کرنے کے لئے قربانی کا سنا تھا، جس کے بعد اس نے ایک لڑکی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
ملزم نے بتایا کہ دیوالی سے دو روز قبل ہی ایک خاندان اس کے پڑوس آیا جس میں ایک سات سالہ بچی بھی تھی، جسے دیکھ کر اس نے قتل کا منصوبہ بنالیا۔
ملزم کے مطابق اس نے گھر کے باہر کھیلنے والی بچی کو لالچ دے کر اپنے کمرے میں بلایا اور نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کردیا، اور پھرعملیات کے بعد بچی کو پلاسٹک کی بوری میں ڈال کر گھر کے پیچھے خالی پلاٹ میں لے گیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بچی سے زیادتی کرنے کے شواہد کو ہرممکن طریقے سے ختم کرنے کی کوشش کی، اور اسے قتل کرنے کے بعد اپنے کمرے میں واپس آگیا، اور کچھ دیر بعد متاثرہ اہل خانہ کے ساتھ بچی کو تلاش کرنے کا ڈرامہ کرتا رہا، اور جب بچی کے گھر والے رپورٹ درج کرانے تھانے گئے تو ملزم کمرے کو تالا لگا کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی 6 ٹیمیں تشکیل دیں اور جب علاقے میں ملزم یوگیش عرف شیو کمار کے کمرے کے دروازے پر تالا لگا دیکھا تو پولیس کو شک ہوا، اور انہوں نے کمرے کی تلاشی لی جہاں جادو سیکھنے کے آلات ملے، اور کچھ قابل اعتراض چیزیں ملیں، جس پر پولیس کا شک ہوگیا۔
پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا، اور ملزم کی لوکیشن نکالی، پہلی تفصیل میں ملزم کی لوکیشن کرنال میں اس کے بہن کے گھر میں ملی، جہاں پولیس پہنچی تو بہن کے مطابق ملزم مغربی بنگال جانے کا کہہ کر نکل چکا ہے، ملزم اس دوران اپنا فون آف اور آن کرتا رہا، تاہم پولیس کو ملزم کی آخری لوکیشن اترپردیش کے شہر کی ریلوے لائن سے ملی۔
پولیس کو شک ہوا کہ ریلوے لائن سے گزرنے والی ٹرین باوڑہ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی، اس لئے پولیس پرواز کے ذریعے ملزم سے پہلے ہی اسٹیشن پہنچ گئی اور ملزم یوگیش کو اس کے کزن کی نشاندہی پر گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض ویڈیوز ملی ہیں، عدالت نے ملزم کو 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم ہریانہ یمنا نگر کا رہنے والا ہے، اور اس نے پہلے بھی اپنے علاقے میں ایک 8 بچے سے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، اور ڈی این اے میں جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید اور 19 ہزار جرمانے کی سزا کاٹ چکا تھا۔
ملزم اب پانی پت کے علاقے کلدیپ نگر میں گزشتہ 3 ماہ سے کرائے کے کمرے میں رہ رہا تھا۔