ایک نیوز: بھارتی وزارت خارجہ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کا پول کھول دیا ۔
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے حکومت نے ان کو اجازت نہیں دی ،ہفتہ وار بریفنگ میں وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
ترجمان بھارتی دفتر خارجہ کے مطابق بی سی سی آئی کو سیکورٹی تحفظات ہیں دوسری جانب بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کہتے ہیں چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے پی سی بی سے بات جاری ہے،
خیال رہے کہ چیمپینز ٹرافی کے مستقبل کیلئےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بورڈ اجلاس آج دن تین بجے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ہونا تھا جو اب ملتوی ہو گیا ہے، گزشتہ روز اجلاس آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت تک جاری رہا ، آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے پہلے اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار رہا۔
آئی سی سی نے دونوں ممالک کو 24 گھنٹے مزید معاملے پر غور کرنے کے لیے دیے تھے ، چیمپینز ٹرافی 2025 کے مقابلے 19 فروری سے 9مارچ تک شیڈول ہیں، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی بھی چیمپینز ٹرافی کے معاملے کے حل کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔