ایک نیوز: لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی آئی جی پنجاب سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست 4 دسمبرتک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی نے صنم جاوید کی درخواست پر سماعت کی،سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم نے اس درخواست میں جواب جمع کروا دیاہے۔صنم جاوید نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
موقف میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران نے مقدمات کی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی،پولیس نے بتایا کہ صنم جاوید پر دو مقدمات درج ہیں۔عدالت میں غلط بیانی کی گئی اور صنم جاوید کو مزید دو مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔
موقف میں مزیدکہا گیا کہ صنم جاوید کو مزید 2 مقدمات میں اے ٹی سی عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے۔
عدالت نے انسداددہشت گردی عدالت میں ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔