خدیجہ شاہ نظر بندی کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی

Nov 30, 2023 | 15:05 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ  کابینہ میں یہ معاملہ زیر بحث آیا ہے، کابینہ کے کچھ ارکان نے کہا کہ ہم اس حوالے سے بحث کرنا چاہتے ہیں، ہمیں مزید کچھ روز دیئے جائیں، جانتے بوجھتے ہوئے عدالت کی توہین نہیں کی گئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ خدیجہ شاہ کو دو کیسوں میں رہا ہونے کے باوجود دوبارہ گرفتار کیا گیا؟ آپ کا رویہ ایسا کیوں لگ رہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو رہا نہیں کرنا؟

سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ خدیجہ شاہ کو ایک دن بھی غیر قانونی طور پر حراست میں نہیں رکھا گیا۔

سرکاری وکیل کے جواب پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا خدیجہ شاہ کو اس کے خاندان والوں سے ملنے دیا جا رہا ہے؟

خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خدیجہ کو اپنی 5 سالہ بیٹی سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔

سرکاری وکیل نے  جواب دیا کہ میں ملاقات کے حوالے سے حکام سے بات کرتا ہوں۔

بعدازاں عدالت نے سرکاری وکیل کو خدیجہ شاہ کی اہل خانہ سے  آج ہی ملاقات کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں