نوازشریف کی بریت کے بعد ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک رہ گیا ہے؟ پرویزالہٰی

Nov 30, 2023 | 14:10 PM

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیرا پھیری کے چمپئن شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکا دینے کے بعد پھر آ جائیں گے۔ اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے۔ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتہ جائے گا۔ 

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کر لیں عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب عوام انشاء اللہ ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے۔ ن لیگ ہر بار عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں۔

انہوں ںے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے، عوام کو جواب دینا ہو گا۔ شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا۔ اس کے بدلے لاڈلوں نے پاکستان کو مہنگائی اور بیروزگاری کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دیا۔ تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی، انشاء اللہ کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ ْ

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے، تحریک انصاف پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگران بچوں کیلئے قرانی سپارے نہیں چھاپ رہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری حکومت نے بارہویں جماعت تک ناظرہ قران کی تعلیم لازمی قرار دی تھی۔ پرائمری تک بچوں کو مفت سپارے دئیے گئے تھے یہ سپارے نہایت اعلیٰ کاغذ پر نفیس طور پر شائع کیے گئے تھے۔ نگران حکومت کے پاس جعلی بادل اور بارش کی دھوکا دہی کیلئے تو وافر فنڈز موجود ہیں۔ لیکن ہمارے دور میں شروع کردہ کار خیر بلکہ مذہبی فریضہ کی ادائیگی کو آگے بڑھانے کی بجائے سپارے چھاپنے ہی بند کر دئیے۔

انہوں نے کہا کہ کیسا نگران وزیراعلیٰ اور نگران حکومت ہے جو فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر ابھی تک ان سپاروں کی پرنٹنگ شروع نہیں کر رہی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد اللہ لوگ آدمی ہیں وہ فوری نوٹس لیں۔ یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ سستی شہرت کے کاموں پر اربوں روپے ضائع کیے جا رہے ہیں۔ شہر کی خوبصورتی کے نام پر انڈر پاسز میں لگی ہوئی ٹائلیں توڑ کر نئی قیمتی ٹائلیں لگانے پر 4ارب روپے سے زیادہ ضائع کیے۔ میں نے تحفظ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے اور طلبا کو سپاروں کی فراہمی کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص کر رکھے تھے۔

قبل ازیں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو لاہور ضلع کچہری پیش کردیا گیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ جیل حکام نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد پرویز الہی کے کیس پر سماعت کرینگے۔

مزیدخبریں