ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور بانی رہنما میدان میں آگئے۔ بانی صدر پی ٹی آئی پنجاب اور عمران خان کے سگے چچا کے بیٹے سعید اللہ خان نیازی نے بانی رہنما اکبر ایس بابر کی حمایت کا اعلان کردیا۔
سعید اللہ خان میانوالی کی ممتاز شخصیت، عمران خان کے بہنوئی حفیظ اللہ نیازی کے بڑے بھائی اور نیازی قبیلے کے سربراہ بھی ہیں۔ سعیداللہ نیازی نے عمران خان کے مقابلے میں اکبر ایس بابر کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام میں انہوں ںے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو آج جن مشکلات کا سامنا ہے، اس کی ذمہ داری پارٹی کی ناقص قیادت پر ہے۔ پی ٹی آئی کا وجود خطرے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی بنانے میں خون پسینہ دینے والے ورکرز کے لئے یہ صورتحال باعث تشویش ہے۔ عمران خان کے سامنے ہمیشہ سچ بولا جو کڑوا ہوتا ہے۔ آج نہیں تو کل یہ سچ دنیا کے سامنے آہی جائے گا۔ پی ٹی آئی کو مزید تباہی سے بچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کسی شخصیت کی ملکیت نہیں۔ پی ٹی آئی کسی ایک شخص کو اقتدار میں لانے کے لئے نہیں بنائی تھی۔ پی ٹی آئی بنانے کا مقصد معاشرے میں بہتری لانا تھا، انتشار پھیلانا نہیں تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی ورکرز کو اپنے مفاد کے لئے استعمال کیاگیا۔ نوجوانوں کو گمراہ کیاگیا جس میں خاندان کے بچے بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کو بچانے کے لئے کل بھی اکبر بابر کے ساتھ کھڑا تھا، آج بھی ساتھ کھڑا ہوں۔ اکبر ایس بابر ایک سچا اور مخلص شخص ہے۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پارٹی کو بچانا ہے، اصلاح کی طرف لیجانا ہے۔ اللہ تعالی ہمیں اس مشن میں کامیاب کرے۔